نئی دہلی، 19؍جون(ایس او نیوز؍ایجنسی) مرکزی حکومت کی اگنی پتھ اسکیم کے خلاف نوجوانوں کا شدید احتجاج لگاتار جاری ہے۔ کئی ریاستوں میں مسلسل تیسرے دن احتجاج پرتشدد شکل اختیار کر رہا ہے۔ حالات اس قدر ابتر ہونے کے باوجود حکومت کی طرف سے اب تک نوجوانوں کو کوئی ٹھوس یقین دہانی نہیں کرائی گئی ہے۔ دریں اثنا، کانگریس پارٹی ملک کے نوجوانوں کی حمایت میں کھڑی ہے اور آواز اٹھا رہی ہے۔
کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بھی ان نوجوانوں کو یقین دلایا کہ کانگریس پارٹی ان کے ساتھ ہے۔ سونیا گاندھی نے احتجاج کرنے والے نوجوانوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کے سامنے اپنی بات رکھیں۔ کانگریس صدر کی جانب سے پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے یہ پیغام جاری کیا ہے۔
سونیا گاندھی نے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ آپ ہندوستانی فوج میں شامل ہو کر قوم کی خدمت کا ایک اہم کام کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ فوج میں لاکھوں اسامیاں خالی ہونے کے باوجود پچھلے 3 سالوں میں بھرتی نہ ہونے کا درد میں سمجھ سکتی ہوں۔ مجھے ان نوجوانوں سے بھی پوری ہمدردی ہے جو ائیر فورس میں بھرتی کا امتحان دے کر نتیجہ اور تقرری کا انتظار کر رہے ہیں۔
مجھے افسوس ہے کہ حکومت نے آپ کی آواز کو نظر انداز کرتے ہوئے فوج کی ایک ایسی نئی بھرتی کی اسکیم کا اعلان کیا ہے، جو مکمل طور پر بے سمت ہے۔ آپ کے ساتھ کئی سابق فوجیوں اور دفاعی ماہرین نے بھی اس منصوبے پر سوالات اٹھائے ہیں۔
انڈین نیشنل کانگریس مضبوطی سے آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور اس اسکیم کو واپس کرانے کیلئے جدوجہد کرنے اور آپ کے مفادات کے تحفظ کا وعدہ کرتی ہے۔ ایک سچے محب وطن کی طرح ہم سچائی، عدم تشدد، تحمل اور امن کے راستے پر چلتے ہوئے حکومت کے سامنے آپ کی آواز بلند کریں گے۔ میں آپ سے بھی درخواست کرتی ہوں کہ اپنے جائز مطالبات کیلئے پرامن اور غیر متشدد طریقے سے احتجاج کریں۔ انڈین نیشنل کانگریس آپ کے ساتھ ہے۔